نفسانی خواھشات کا لا متناہی سلسلہ اور انکی پلک جھپکنے میں تکمیل انسان کی دو ایسی کمزوریاں ہیں جو ہر دور میں بکتی ہیں ، جس پر لوگ پیسہ کماتے ہیں ، انسان دھوکہ کھاتا ہے ، ذلیل و خوار ہوتا ہے ، مگر باز نہیں آتا . گئے وہ زمانے جب صاحب علم کسی شخص کو اسکے مرتبے یا حیثیت کی وجہ سے حلقہ بگوش کرنے کو طریقت کا شرک سمجھتے تھے . آج کل تو ایک دوڑ ہے کہ فلاں شخص فلاں کا مرید ہے ، اور فلاں شخص فلاں سے بیعت ہے . نام نہاد عقل کے اندھے مرید اپنے اپنے شیوخ کے وہ وہ کارنامے اور کرامات گنواتے ہیں کہ بیچارہ شیخ خود سن لے تو مارے حیرت کے بیہوش ہو جائے .
یو ٹیوب اور فیس بک پر ریڈی میڈ مفتیوں کی ایک فوج موجود ہے . پانچ ہزار سے اوپر مفسر قرآن تو صرف یو ٹیوب پر موجود ہیں، جتنے مفسر امّت مسلمہ نے ١٤٠٠ سال میں پیدا نہیں کیے اتنے یو ٹیوب نے پانچ سال میں پیدا کردیے . غضب خدا کا جنہیں عربی کا ایک لفظ تک نہیں آتا وہ بھی تفسیر پڑھانے نکل پڑے . آدھا اسلام “بابا ” کی پر مغز گفتگو سے سیکھ لیا ، جس کا جو چاہا جیسا چاہا وہ مطلب نکال لیا تو آدھا یو ٹیوب سے . لو جی ہوگئے پورے مفتی . کسی کو پیشن گوئیوں کی بیماری لگ گئی تو کسی صحافی کو خوابوں کی عادت پڑ گئی . یہاں آنکھ لگی اور یہاں خواب وارد اور وہ وہ پیشن گوئیاں کہ دجال سے لے کر نیو ورلڈ آرڈر تک سب کا پتا چل جائے. اور اب تو ہر دوسرے لیڈر کو خواب میں اولیا اور انبیا علیہ واسلام کی زیارتیں بھی ہونے لگی ہیں. پتا نہیں تکیے پر سر پہلے رکھتے ہیں یا خواب پہلے آتا ہے . جس قوم نے تاریخ نسیم حجازی سے پڑھی ہو اور فرائض ٹی وی ڈراموں سے سیکھے ہوں، گناہ پیروں سے بخشوائیں ہوں اور راہ سلوک کے ساتھ سوتیلی ماؤں والا سلوک کیا ہو اس سے توقع بھی کیا کی جا سکتی ہے .
میں سوچ رہا ہوں کہ اگر اندھے مریدوں کی تقدیر میں اندھے پیر لکھ ہی دیے گئے ہیں جو ان کی دنیا و آخرت برباد کرکے ہی چھوڑیں گے تو میں کیوں نہ اس ادھم مستی میں اپنی دنیا ہی بنا لوں ؟ بس میں جلد ہی پیری فقیری ڈاٹ کام کے نام سے ایک سٹارٹ اپ شروع کرنا چاہتا ہوں ، ویسے بھی آج کل انٹرپرنیرشپ کا زمانہ ہے اور اس آئیڈیے کی مارکیٹ بھی بہت زیادہ ہے ، بیچنے کے لئے لوگوں کو خاطر خواہ کنونس بھی نہیں کرنا پڑے گا
کسٹمر چند سو روپے دے کر اپنی اکاؤنٹ پروفائل بنایگا ، عورتوں کے لئے خصوصی رعایت ہوگی . اپنی پریشانیاں بتائیں اور ہم مشین لرننگ اور ڈیٹا مائننگ کے ایڈ وانس الگورتھم استعمال کرتے ہوئے آپکو کسی نہ کسی پیر سے کنیکٹ کر ہی دینگے . اولاد کی خواھش ، مال و پیسہ ، پسند کی شادی ، شہرت و عزت ، والوں کو “جمالی پیروں ” کے پاس فارورڈ کر دیا جائے گا . ساس /سسر کی موت ، انتقام ، اور یہودی سازشوں کا قلع قمع کرنے والوں کو “جلالی پیروں ” کی طرف بھیج دیا جائے گا . اور “امراض مخصوصہ ” کے ماروں کو “خیالی پیروں ” کی طرف .
کوئی ایک دو ملین سبسکرائبر ہوگئے تو ہم مرچنڈائس بھی بیچنا شروع کر دینگے . جھولے والے بابا کا جھولا ، آسمان والے بابا کا نمک ، زمین والے بابا کا توشہ ، دروازے والے بابا کے جوتے ، وہ والے بابا کا تعویذ ، یہ والے بابا کا سرمہ ، اور “کوئی نہیں” والے بابا کی دیگ . ٥٠٠ روپے سے ٥ لاکھ روپے تک کے مرادوں کو بر لانے والے پیکجز ، اور پھر ان بابوں کو بھی مرید بیچ دیا کرینگے . پانچ سو کا جثہ، پانچ ہزار فیس بک لائکس ، اور پچاس ہزار فولوورز.
کیا بات ہے ، اور خالصتا شرعی کام ، حلال منافع ، ہے مجال کسی کی جو کچھ کہہ سکے . بابوں اور مریدوں کو کہہ کر چنوادیں گے دیواروں میں .
پھر ہم سوشل میڈیا پر پیری فقیری ڈاٹ کام کا سالانہ عرس بھی کیا کرینگے ، کوک سٹوڈیو کے بھنگڑے بھی ڈالیں گے ، ہر شرابی کبابی کی قوالی بھی چلا ینگے ، ہر غائب دماغ فلسفی کی تصویریں بھی سجاینگے . اور ایک بار یہ آئیڈیا چل پڑے تو کفن دفن ڈاٹ کام ، لڑائی جھگڑا ڈاٹ کام ، تعویذ گنڈا ڈاٹ کام ، اسکی بیوی میری محبوبہ ڈاٹ کام ، یہودی سازش ڈاٹ کام بھی شروع کردینگے .
امید ہے آپ اس کار خیر میں تن ، من ، دھن سے شرکت کر کے جنّت میں ایک بیش قیمت پلاٹ اپنے نام ضرور کر واینگے .
اس مضمون کو ٥٠ لوگوں کے ساتھ شئیر کریں اور شام سے پہلے اصلی تے وڈے والے بابا کے مرید بن جائیں . یہ پیشکش صرف محدود مدّت کے لئے ہے ، خواتین کو خصوصی رعایت دی جایئگی .